کھلاڑی نہ ہوتا تو جو حکومت ملی ڈیرھ سال میں چھوڑ کر جا چکا ہوتا، وزیراعظم

کھلاڑی نہ ہوتا تو جو حکومت ملی ڈیرھ سال میں چھوڑ کر جا چکا ہوتا، وزیراعظم
کیپشن: چیمپئن اپنی شکست پر غلطیوں کو درست کرتا ہے، وزیراعظم۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

پشاور: وزیراعظم نے کہا ہے کہ اگر کھلاڑی نہ ہوتا تو جو حکومت ملی ڈیرھ سال میں چھوڑ کر جا چکا ہوتا کیونکہ زندگی اونچ نیچ کا نام ہے، گر کر کھڑا ہونیوالا پہلے سے زیادہ مضبوط ہوتا ہے اور کھیلوں سے ہی مشکل حالات کا مقابلہ کرنا سیکھا۔

سپورٹس کمپلیکس پشاور میں انڈر 21 گیمز کی افتتاحی تقریب سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا زندگی مقابلے کا نام ہے، پڑھائی اور بزنس میں بھی مقابلہ ہوتا ہے، سیاست بھی مقابلے کا نام ہے، چیمپئن ہارنے سے ڈرتا نہیں، سیکھتا ہے، انسان تب ہارتا ہے جب شکست تسلیم کرلے، چیمپئن اپنی شکست پر غلطیوں کو درست کرتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کھیلوں کے انعقاد پر وزیراعلیٰ محمود خان کو مبارکبادد یتا ہوں، ان گیمز سے نوجوانوں کا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، نوجوانوں کو سپورٹس کی اہمیت بتانا چاہتا ہوں، گاؤں کی سطح پر کھیلوں کو فروغ دینا ہوگا۔

قبل ازیں عمران خان نے انڈر 21 گیمز کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جبکہ آسمان پر رنگ بکھر گئے، گورنر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی وزرا بھی تقریب میں شریک ہوئے۔