بجلی اور گیس کی مزید قیمت نہیں بڑھے گی، وزیر اعظم

بجلی اور گیس کی مزید قیمت نہیں بڑھے گی، وزیر اعظم

مہمند: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں اب گیس اور بجلی کی مزید قیمت نہیں بڑھے گی۔

مہمند میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شاندار استقبال پروزیراعظم عمران خان نے قبائلی عوام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ کبھی بھی کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا جس کے حکمران کرپٹ ہوں،وسائل کی کمی کی وجہ سے کوئی ملک غریب نہیں ہوتا،ملک تب غریب ہوتا ہے جب حکمران ملک کا پیسہ چوری کرکے باہر لے جاتے ہیں،کرپٹ حکمران ملک کا پیسہ چوری کرکے لندن اور امریکہ میں بڑے بڑے گھر لے لیتے ہیں،جن کے اکاوَنٹ،کاروبار اور محل بیرون ملک ہیں انہیں کبھی ووٹ نہ دیں۔

بھارتی فورسز نے کشمیری عوام کو 7ماہ سے گھروں میں بند کررکھا ہے،کشمیری عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ساری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ ہے،انہوں نے کہا کہ اللہ نے مشکل وقت میں صبر کو انسان کی بہترین صفت کہا ہے،دعا ہے اللہ کشمیریوں کو مشکل وقت میں صبر کرنے کی توفیق دے،دعا ہے آنے والے دنوں میں کشمیریوں کو ظلم سے آزادی ملے،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دنیاسے کہہ رہا تھا مودی کی حکومت انتہاپسند ہے،پوری دنیا نے دلی میں غریب مسلمانوں پر ظلم دیکھا،بھارتی حکومت کے مظالم کی سخت مذمت کرتے ہیں،ہندوتوا کا نظریہ مسلمان سمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف ہے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان نے مسلم دنیا میں مثال بننا تھا،پاکستان نے ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلنا تھا،ریاست مدینہ نے پیچھے رہ جانے والے انسانوں کو اوپر اٹھانے کی ذمہ داری لی،احساس پروگرام متعارف کروا کرپیچھے رہ جانے والوں کی ذمہ داری لی ہے،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں تعلیم اور صحت کا نظام سب سے برا،نوکریاں بھی نہیں ملتیں،دہشت گردی کےخلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان قبائلی عوام کو ہوا،اب قبائلی علاقوں میں ترقی لانے کا موقع ہے،قبائلی علاقوں کے عوام کو اوپراٹھا کرترقی یافتہ پاکستانی شہروں سے ملانا ہے،یہ سیاسی تقریر نہیں، میرا دینی فرض ہے۔

ان کاکہناتھا کہ چین دنیا میں سب سے تیزی سے اوپر جارہاہے،چین نے30سال میں 70کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا،چین نے فیصلہ کیا غریب عوام پر پیسہ خرچ کرنا ہے،چینی حکومت سے پوچھا غریب عوام کو اوپر اٹھانے کےلئے کیا اقدامات کئے،چینی حکومت نے غریب عوام کےلئے انڈسٹریاں لگائیں، انہوںنے کہا کہ جس قوم میں انسانیت اورعدل وانصاف ہوا اللہ اسے اوپر اٹھالے گا،اللہ نے پاکستان میں نعمتوں کی بارش کررکھی ہے،پاکستان میں بے پناہ معدنیات اور 12موسم ہیں،مہمند میں بہترین زیتون کی پیداوار ہوتی ہے،قبائلی علاقے میں صحت احساس پروگرام لارہے ہیں،قبائلی نوجوانوں کوکاروبارکےلئے قرضے بھی فراہم کریں گے۔