کرونا وائرس :سعودی عرب نے متعد د ممالک پر سفری پابندی عائد کر دی

کرونا وائرس :سعودی عرب نے متعد د ممالک پر سفری پابندی عائد کر دی

ریاض:سعودی عرب نے وبائی کرونا وائرس کیخلاف حفاظتی اقدامات کے تحت اپنے شہریوں اور رہائشیوں کے نو ممالک کا سفر کرنے کی پابندی لگا دی، یہ اعلان پیر کے روز کیا گیا۔ان ممالک میں متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، لبنان، شام، جمہوریا کوریا، مصر، اٹلی اور عراق شامل ہیں۔اس فیصلے سے ان ممالک سے آنے والے اور وہ افراد جو ان کی آمد سے 14 دن پہلے وہاں موجود تھے کا داخلہ بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی(ایس پی اے)پر پیر کو جاری اپنے بیان میں وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ سعودی عرب نے اوپر بیان کئے گئے تمام ممالک کے اور مملکت کے مابین ہوائی اور سمندری پروازیں بھی روکنے کا فیصلہ کیاہے۔وزارت نے بتایا کہ اس کا سبب اپنے شہریوں اور رہائشیوں کی صحت کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔اس فیصلے میں ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے انخلا، جہاز رانی اور تجارتی دوروں کو خارج کیا گیا، وزارت داخلہ اور وزارت صحت انسانی اور غیر معمولی معاملات سے نمٹنے کیلئے رابطے میں رہیں گے۔

سعودی عرب میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 15ہے۔سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے فروری میں کہا تھا کہ چین کے سخت اقدامات نے اس وائرس کے پھیلا کو روک دیا ہے اور انہوں نے اس وبا کی روک تھام اور اس پر قابو پانے میں چین کے احساس ذمہ داری کی بہت تعریف کی تھی۔