ہائی پرفارمنس سینٹر میں ایک ماہ کا کیمپ سات روز بعد ہی ختم، کیمپ میں شریک تمام افراد کی کورونا رپورٹس بھی آ گئیں

ہائی پرفارمنس سینٹر میں ایک ماہ کا کیمپ سات روز بعد ہی ختم، کیمپ میں شریک تمام افراد کی کورونا رپورٹس بھی آ گئیں
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہائی پرفارمنس سینٹر میں شیڈول ایک ماہ کا قومی کرکٹرز کا کیمپ سات روز بعد ہی ختم کر دیا ہے جبکہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹرمیں موجود کھلاڑیوں، کوچز اور سٹاف کے کورونا ٹیسٹ رپورٹس پی سی بی کومل گئی ہیں جو سب کی سب منفی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور کے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز کیمپ میں شامل 24 کرکٹرز کے ساتھ کام کرکے ان کی خامیوں کو دور کرنے میں مصروف تھے تاہم پی سی بی ہیڈکوارٹر میں ایک کورونا رپورٹ مثبت آنے کے بعد احتیاطی طورپر اس کیمپ کو بھی فوری طورپر ختم کرنے فیصلہ کیا گیا اور تمام کھلاڑیوں کو اس حوالے سے باضابطہ طورپر اطلاع دیدی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کیمپ ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 69 افراد کے ٹیسٹ بھی کرائے گئے جو تمام منفی ہیں جبکہ رپورٹس آنے کے بعد لاہور سے باہر دوسرے شہروں سے تعلق رکھنے والے کرکٹرزکو اپنے گھرجانے کی اجازت دیدی گئی ہے، لاہور کے رہائشی کرکٹرز اور سٹاف ممبران پہلے ہی اپنے گھروں میں موجود ہیں۔
دوسری جانب قذافی سٹیڈیم میں کام کرنے والے تمام سٹاف کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کل ہوں گے اور منفی رپورٹس رکھنے والے لوگ جمعرات سے دوبارہ دفتر میں ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ بورڈ ذرائع کے مطابق اب دورہ جنوبی افریقہ کیلئے پاکستانی ٹیم کا کیمپ اگلے ہفتے سے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں لگانے کی پلاننگ کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کیمپ میں اظہرعلی، عبداللہ شفیق، عابد علی، احمد بشیر، اسد شفیق، بسم اللہ خان، فواد عالم، حماد اعظم، حارث سہیل،حسن خان، عمران بٹ، عرفان اللہ شاہ، کامران غلام، خرم شہزاد، محمد عباس، نعمان علی، ریحان آفریدی، ساجد خان، سلمان ارشاد، سعود شکیل، تابش خان، تاج ولی، عمرخان اور یاسر شاہ کو مدعو کیا گیا تھا۔