پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن ردالفساد جاری

پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن ردالفساد جاری

راولپنڈی:  پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن ردالفساد پوری قوت کے ساتھ جاری ہے اس دوران کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ پاک فوج نے خیبر ایجنسی اور جنوبی وزیرستان میں چھاپوں کے دوران خودکش جیکٹس، دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگیں برآمد کر لی ہیں.

ترجمان پاک فوج کے مطابق خیبر ایجنسی اور جنوبی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن ردالفساد کے سلسلے میں کی گئی ایک اہم کارروائی کے دوران متعدد خودکش جیکٹس، دھماکہ خیز سلنڈر، اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں، ایس ایم جیز، مختلف بور کے پستول اور راکٹ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ دوسری جانب، اسلام آباد اور پنجاب میں بھی سکیورٹی فورسز کی جانب سے متعدد علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں جن کے دوران کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا.
یاد رہے کہ کل شب   سکیورٹی فورسز نے کاررائی کرتے ہوئے  پشاور اور اسلام آباد میں کئی متشبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔پشاور کے مختلف علاقوں میں پولیس نے گھر، گھر سرچ آپریشن کرتے ہوئے 90 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد سے بھاری تعداد میں اسلحہ بر آمد کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے پشاور کے علاقے گڑھی قمر دین میں کارروائی کرتے ہوئے عبدالواحد نامی شہری کے اغوا میں ملوث ایک اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔اسلام آباد میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے فراش ٹاؤن میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے دو مشکوک افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔ کہروڑ پکا بستی شیر والا میں پولیس، ایلیٹ فورس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کیا اور 52 افراد کی بائیو میڑک تصدیق بھی کی گئی۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں