دل کے مریضوں کیلئے قیمتی ڈیوائس مفت لگانے کا اعلان

دل کے مریضوں کیلئے قیمتی ڈیوائس مفت لگانے کا اعلان

کراچی: کمزور دل کے حامل افراد  کیلئے قومی ادارہ برائے امراض قلب نے شاندار اعلان کر دیا قومی ادارے کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے کہاہے کہ کمزوردل والے مریضوں کو جان بچانے والی مہنگی ڈیوائسز مفت لگائی جائیں گی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق قومی ادارہ برائے امراض قلب، حکومت سندھ اور کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے تعاون سے دل کے امراض میں مبتلا افراد کے لئے پہلے مفت موبائل چیسٹ پین یونٹ کاافتتاح صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندرو نے کیا ۔
یہ یونٹ کراچی کے علاقے گلشن چورنگی پر نصب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیگیٹیو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے کہا کہ اس ڈیوائس کے نتیجے میں کمزوردل کے حامل افراد کی دل کی دھڑکنیں متوازن ہوجائیں گی اور ان کی زندگیوں کو بچانے میں معاون ثابت ہوگی۔انھوں نے کہا کہ مارکیٹ میں آئی سی ڈی نامی ڈیوائس کی قیمت 7 لاکھ روپے سے لیکر 17 لاکھ روپے ہے۔ ماضی میں ایسے مریضوں کو پیسوں کی کمی کی وجہ سے اس ڈیوائس اورعلاج کی پیشکش نہیں کی جاتی تھی تاہم اب ہر سال5 سو کمزوردل والے مریضوں کو یہ ڈیوائس مفت لگائی جائے گی۔