اسحاق ڈار اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 16 مئی تک ملتوی

اسحاق ڈار اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 16 مئی تک ملتوی
عدالت نے گواہ سے اسحاق ڈار سے متعلقہ تمام ریکارڈ ساتھ لانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت کے دوران وکیل صفائی قاضی مصباح کی گواہ محمد عظیم پر جرح مکمل نہ ہو سکی اور عدالت نے گواہ سے اسحاق ڈار سے متعلقہ تمام ریکارڈ ساتھ لانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔


احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ محمد عظیم نے بتایا کہ وہ 2001 سے 2004 تک نجی بینک میں ڈیٹا اِن پٹ آفیسر رہے اور پھر سپروائزر بنا دیئے گئے۔ گواہ نے بتایا کہ اسحاق ڈار کی اسٹیٹمنٹ آف اکاؤنٹ انہوں نے نہیں بنائی بلکہ وہ کمپیوٹر جنریٹڈ تھی، جس کی ٹرانزیکشنز کی تاریخ انہیں یاد نہیں۔

مزید پڑھیں: 'اگر اینکرز رمضان کے تقدس کا خیال نہیں رکھتے تو تاحیات پاپندی لگا دیں گے'

محمد عظیم کے مطابق غیر ملکی ٹرانزیکشنز کی انٹری انہوں نے نہیں کی اور نہ ہی اس پر ان کے دستخط ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹرانزیکشن کا عمل نہیں کیا بلکہ اسے سپروائز کیا۔ گواہ محمد عظیم کے مطابق والیوم چار میں لگے چیک پر کلیئرنگ کے ساتھ ان کے دستخط ہیں اور بینک ٹرانزیکشن رپورٹ انہوں نے بینک ریکارڈ کو سامنے رکھ کر خود تیار کی۔

وکیل صفائی نے گواہ محمد عظیم سے استفسار کیا کہ سب انٹریاں آپ کی مرضی سے ہوئیں یا آپ کو کوئی ہدایت دی گئی تھی؟۔ جس پر محمد عظیم نے جواب دیا کہ مجاز اتھارٹی نے ہدایت دی تھی کہ کیش، کلیئرنگ اور ٹرانسفر کی الگ، الگ انٹریاں کی جائیں۔

وکیل صفائی قاضی مصباح نے گواہ سے سوال کیا کہ 28 جون 2011 کا چیک کس کے لیے جمع ہوا؟۔ گواہ نے بتایا کہ یہ چیک ہجویری ٹرسٹ کے لیے جمع ہوا جبکہ 27 نومبر 2012 کو ہجویری ٹرسٹ کے لیے 10 لاکھ روپے کا چیک جمع ہوا۔

وکیل صفائی نے سوال کیا کہ کیا یہ چیک آپ کی برانچ کا ہے اور اصل چیک آپ کے پاس موجود ہے؟۔ گواہ محمد عظیم نے بتایا کہ یہ درست ہے کہ وہ چیک ان کی برانچ کا ہے اور اصل چیک موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمیں فکر ہے، بلوچستان کو حکمرانی کی اجازت کیوں نہیں دی جاتی، چیف جسٹس

آج سماعت کے دوران گواہ محمد عظیم پر وکیل صفائی کی جرح مکمل نہ ہو سکی جس کے بعد عدالت نے گواہ کو اسحاق ڈار سے متعلقہ تمام ریکارڈ ساتھ لانے کا حکم دیتے ہوئے آمدن سے زائد اثاثوں کے ضمنی ریفرنس کی سماعت 16 مئی تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ استغاثہ کے گواہ محمد عظیم کے مرکزی ریفرنس میں ریکارڈ کرائے گئے بیان کو ہی ضمنی ریفرنس کا حصہ بنایا گیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں