نواز فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز ٹرائل میں ایک ماہ کی توسیع

نواز فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز ٹرائل میں ایک ماہ کی توسیع
کیپشن: نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف دائر تین نیب ریفرنسز میں ٹرائل مکمل کرنے کی مدت 9 جون تک بڑھا دی گئی۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ آن لائن

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے خلاف دائر تین نیب ریفرنسز میں ٹرائل مکمل کرنے کی مدت 9 جون تک بڑھا دی۔ ریفرنسز میں ٹرائل مکمل کرنے کے لئے دی گئی گزشتہ مدت 12 مئی کو ختم ہو رہی تھی۔

سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز میں ٹرائل مکمل کرنے کے لئے مدت میں توسیع کی درخواست پر سماعت کی۔

مزید پڑھیں: 'نواز شریف پر دشمن ملک ڈالر بھجوانے کا الزام، پارلیمنٹ چیئرمین نیب کو طلب کرے'

جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ جسٹس عظمت سعید نے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث سے پوچھا آپ کو دلائل مکمل کرنے کے لئے کتنا وقت درکا ہو گا۔

خواجہ حارث نے کہا تین ماہ لگ جائیں گے۔ بینچ نے ایک ماہ کی توسیع دینے کا کہا تو خواجہ حارث نے کہا کہ ایک ماہ وقت کم ہے اور آگے رمضان شروع ہو رہا ہے ۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا اگر ضرورت پڑی تو ہم یہیں بیٹھے ہیں آپ آ جائیے گا کیونکہ ہم انصاف کا قتل نہیں ہونے دینگے۔

 یہ بھی پڑھیں: 'منی لانڈرنگ کا الزام مضحکہ خیز ہے، نیب کی تفتیش ہونی چاہیے'

بینچ کے رکن جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ ٹرائل کیوں مکمل نہیں ہوا؟۔ نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ ایک ریفرنس میں ٹرائل مکمل ہو چکا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں