جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا تحریک انصاف میں ضم ہونے کا اعلان

جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کا تحریک انصاف میں ضم ہونے کا اعلان
کیپشن: فوٹو: فائل

اسلام آباد : جنوبی پنجاب صوبہ محاذ نے تحریک انصاف میں ضم ہونے کا اعلان کردیا،دونوں میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے معاہدہ طے پاگیا،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کے ساتھ فاٹا کو کے پی میں انضمام کا کام بھی تیز کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنماوں کوپی ٹی آئی میں شمولیت پرمبارکباد دیتا ہوں۔ میربلخ شیرمزاری کوبھی پارٹی میں شمولیت پرخوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا وعدہ کیا کوئی سیاسی فیصلہ ہے ؟ اس سے پہلے باقی جماعتوں نے بھی وعدے کیے تھے۔ انہوں نے کہاکہ وفاق تب موجود ہوتا ہے جب باقی اکائیاں موجود ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ابھی بھی تین تین بار وزیراعظم رہنے والے اور 20اقتدار میں رہنے وعدے کررہے ہیں کہ ہم نیا پاکستان بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر دنیا میں سب سے کامیاب ماڈل دیکھنا ہے تووہ سوئیٹزرلینڈ میں دیکھیں۔وہاں لاہور سے کم آبادی اور 25سے زائد کنٹونمنٹ ایریاز بنائے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کے بعد تمام اختیارات صوبوں کے پاس چلے گئے جبکہ صوبوں نے پاورز لوکل باڈیز کودیے ہی نہیں۔تمام فیصلے وزیراعلیٰ کرتا ہے۔اس سے اختیارات دینے کا کیا فائدہ ہے؟

عمران خان نے کہا کہ وفاق کے اہمیت نہ دینے سے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی بڑھتی جارہی ہے۔میراشہر لاہور ہے مجھے خوش ہونا چاہیے کہ لاہور پرپیسا خرچ ہورہا ہے۔ جبکہ قصور ، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ محرومی کا شکار ہیں۔یہ سب پھر لاہور میں آجاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 60فیصد آبادی لاہور پنجاب کی ہے۔فاٹا کو کے پی میں ضم کرنے کیلئے کام تیز کردیں گے۔کے پی کا 30فیصد ترقیاتی فنڈ لوکل گورنمنٹ کو جاتا ہے۔عمران خان نے کہا کہ خلائی مخلوق کا پتا چلانا ہے توپتا چل جائے گا کہ لاڈلہ کون تھا، کس کو کتنا پیسا ملا؟ اصغرخان کیس سے جاوید ہاشمی کا بھی پتا چل جائے گا کہ ان کوکتنا پیسا ملا۔ وہ سمجھتے ہیں جس طرح ان بزنس مین کو آگے لایا گیا باقی بھی ویسے ہی ہیں۔