امام الحق کو آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرانے کا فیصلہ

امام الحق کو آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ ڈیبیو کرانے کا فیصلہ
کیپشن: فوٹو: فائل

مالا ہائیڈ ڈبلن : قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق کو آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کیپ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔امام الحق کا کہنا ہے کہ یہ میرے لئے بھی قابل فخر لمحہ ہے کہ میں تاریخی ٹیسٹ میں شرکت کررہا ہوں اور ڈبلن سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کروں گا، جو کہ میرے خواب کی تعبیر ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کو پاکستان کے خلاف مالا ہائیڈ ڈبلن میں آئرلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا اور تاریخی ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس میں پاکستانی ٹیم کے نوجوان اوپنر امام الحق کو ٹیسٹ کیپ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے نوجوان کرکٹر نے کہا کہ کہ میں اس موقع پر نروس ضرور ہوں لیکن آپ کا پہلا ٹیسٹ ہو یا آخری پریشر ہینڈل کئے بغیر کارکردگی نہیں دکھا سکتے لہذا پریشر کے باوجود ٹیم ٹیسٹ میچ ضرور جیتے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے جس بھی کنڈیشن میں اپنے خواب کی تعبیر مل رہی ہے، اس لمحے کو اپنی کارکردگی سے یادگار بنانا چاہتا ہوں اور ون ڈے ڈیبیو پر سنچری کے بعد ٹیسٹ میچ ڈیبیو پر بھی کچھ خاص کرنا چاہتا ہوں۔

واضح رہے کہ ہائیڈ ڈبلن میں آئرلینڈ کی ٹیم اپنا پہلا اور تاریخی ٹیسٹ میچ کھیلے گی جس کے بعد وہ ٹیسٹ کھیلنے والا 11 واں ملک بن جائے گا۔18 سال قبل بنگلہ دیش کو 2000 میں ٹیسٹ ٹیم کا درجہ ملا تھا ۔