سابق صدر آصف علی زرداری آج نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوں گے

سابق صدر آصف علی زرداری آج نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوں گے
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

اسلام آباد:سابق صدر آصف علی زرداری آج نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوں گے جبکہ آصف علی زرداری نے نیب پیشی سے مہلت مانگ لی۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اور انکی بہن رکن قومی اسمبلی فریال تالپور کے خلاف مبینہ جعلی بنک اکاؤنٹس سے متعلق پہلے ریفرنس کی سماعت 21مئی تک ملتوی کردی گئی۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپوراحتساب عدالت اسلام آبادمیں پیش ہوئے۔احتساب عدالت کے جج ارشد ملک ریفرنس پر سماعت کی۔آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں استفسار کیا کہ ریفرنس کی کاپیاں بنی ہیں کہ نہیں؟نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ریفرنس کی کاپیاں آفس میں جمع کرا دی گئی ہیں۔ تفتیشی افسر علی احمد ابڑو سر پر چوٹ لگنے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔فاروق ایچ نائیک نے کہا فرد جرم عائد ہونے سے پہلے ریکارڈ فراہم کیا جائے تاکہ مکمل ریکارڈ کو دیکھ سکیں۔احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے کہا کہ ریفرنس کی کاپیاں ملزموں کو فراہم کی جائیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ 28 کاپیاں تیار ہوئی ہیں باقی کی تیاری کے لئے وقت درکار ہے۔عدالت نے کیس کی سماعت 21مئی تک ملتوی کردی۔ مچلکوں پر دستخط کے وقت فریال تالپور کا شناختی کارڈ موجود نہ ہونے پر آصف زرداری اور فاروق ایچ نائیک میں دلچسپ مکالمہ بھی ہوا۔آصف زرداری نے کہا کہ مجھے بھی جب سٹاف دے دے تو جیب میں ڈال لیتا ہوں نہ دیں تو رہنے دیتا ہوں۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا آج کل تو چیزیں چوری بھی ہو جاتی ہیں اس لیے بھی محتاط رہنا پڑتا ہے۔آصف زرداری نے موقف اختیار کیاہے کہ احتساب عدالت میں مصروفیت کے باعث وہ نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہو سکتے۔نیب نے آصف زرداری کو جعلی بنک اکاﺅنٹس کیس اور سندھ حکومت سے غیر قانونی ٹھیکے حاصل کرنے کے کیس میں تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا تھا۔