دبئی میں انعامی رقم کا جھانسہ، عرب شہری لٹ گیا

دبئی میں انعامی رقم کا جھانسہ، عرب شہری لٹ گیا
کیپشن: Image by The Business Journals

دبئی:دبئی میں مقیم ایک افریقی گروہ نے انعامی رقم کا جھانسہ دے کر عرب شہری کو لوٹ لیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دبئی پولیس کو عرب شہری کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت میں کہا گیا کہ دبئی میں مقیم 3 افراد پرمشتمل افریقی گروہ نے 27 ملین ڈالر کی انعامی رقم کا جھانسہ دے کر اس سے 2لاکھ ڈالر ہتھیا لیے۔عرب شہری نے بتایا کہ وہ فیس بک پر ایک شخص سے بات چیت کرنے لگا جس نے اسے بتایا کہ ایک اماراتی بینک کی انعامی سکیم میں اس کا 27ملین ڈالر کا انعام نکلا ہے۔

مذکورہ شخص نے انعامی رقم حاصل کرنے کے لیے پاسپورٹ کی کاپی بھی بھیجنے کا کہا اور ساتھ ہی 21ہزار ڈالر ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ انعامی رقم حاصل کرنے کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کی جائیں۔کچھ دن بعد اس سے 27ہزار ڈالر ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ بینک کی ادارتی فیسیں ادا کی جاسکیں جس کے بعد 43ہزار ڈالر اور پھر 50ہزار ڈالر طلب کیے گئے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شہری انعامی رقم کے لالچ میں تمام ادائیگیاں خاموشی سے کرتا رہا۔یہی نہیں بلکہ افریقی گروہ نے عرب شہری کو ملاقات کے لیے دبئی بلایا جہاں اس سے ایسی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کو کہا گیا جو بینکوں سے بڑی رقم کی منتقلی کی سروسز دیتی ہے۔عرب شہری نے مطلوبہ رقم ادا کردی جس کے بعد جعلی ڈالر سے بھرا ہوا بیگ اس کے حوالے کرتے ہوئے رقم بینک میں جمع کرانے کا کہا گیا۔

بیگ میں 100 ڈالر کے حجم کے سیاہ کاغذ تھے جن پر کوئی سیاہ مادہ ڈالا جاتا تو وہ سیاہ کاغذ سو ڈالر کی شکل کا ہوجاتا۔ایک بار پھر بھاری رقم کا مطالبہ کیاگیا، سادہ لوح شہری نے یہ رقم بھی ادا کر دی۔جب ایک لاکھ 60ہزار ڈالر کا مطالبہ کیا گیا تو اسے شک گزرا کہ اس کے ساتھ دھوکہ ہورہا ہے جس پر اس نے دبئی پولیس کو اطلاع کردی۔