جاوید اختر نے ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں پر کھری کھری سنا دیں

جاوید اختر نے ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں پر کھری کھری سنا دیں
کیپشن: تصویر ٹوئٹر


نئی دہلی : بالی ووڈ کے نامور شاعر اورسکرپٹ رائٹر جاوید اختر برقع کے ساتھ گھونگھٹ پرپابندی لگانے کے بیان کے بعد ہندوانتہا پسندوں کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں پر ان کو کھری کھری سنا دیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جاوید اختر برقع اور گھونگھٹ تنازع پر ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں پر پھٹ پڑے اورانتہاپسندوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو میری کوئی بات بری لگی ہے یا مجھ سے کوئی شکایت ہے توعدالت جا اورمجھ پر مقدمہ کرو لیکن یہ کوئی طریقہ نہیں ہے کہ مجھے اس طرح کی دھمکیاں دی جارہی ہیں اور معافی مانگنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔

جاوید اختر نے مزید کہا یہ وہ بھارت نہیں ہے جہاں میں بڑا ہوا، جہاں ہم ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔ مجھے اپنے آئین پر فخر ہے جو مجھے اظہار رائے کی آزادی دیتا ہے لیکن اب مجھے تھوڑا افسوس ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ہندو انتہا پسندوں اورحکمران جماعت بی جے پی نے بھارتی خواتین کے برقع پہننے اورنقاب پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا تھا جس پر جاوید اختر نے بیان دیتے ہوئے کہا تھا اگر برقع پر پابندی لگی تو راجستھان کی ہندو خواتین کے گھونگھٹ پر بھی پابندی لگنی چاہئے۔