پنجاب میں ایک سال میں نئے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ناممکن ہے، الیکشن کمیشن

پنجاب میں ایک سال میں نئے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ناممکن ہے، الیکشن کمیشن
کیپشن: رولز اور شماریاتی بلاک کے نقشوں کی تیاری میں 3 ماہ کا وقت چاہیے، الیکشن کمیشن۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ وکی پیڈٰیا

لاہور: الیکشن کمیشن نے پنجاب میں ایک سال کے اندر نئے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ناممکن قرار دے دیا۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے بعد ابھی حکومت نے رولز اور نقشے بنانا ہیں۔ رولز اور شماریاتی بلاک کے نقشوں کی تیاری میں 3 ماہ کا وقت چاہیے۔

ذرائع نے کہا کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی رپورٹ 6 ماہ سے قبل نہیں بن سکتی اور نئی حلقہ بندیوں پر عوامی اعتراضات کے لیے ایک ماہ کا وقت دینا لازم ہے۔ اعتراضات کو نمٹانے میں کم ازکم ایک ماہ درکار ہوتا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کے بعد انتخابی فہرستوں کو اپ ڈیٹ کرنے میں بھی وقت چاہیے۔ نئی حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستیں فائنل ہونے کے بعد انتخابی شیڈول جاری ہو گا اگر معاملہ عدالت میں چیلنج ہوا تو کتنا وقت درکار ہوگا یہ کوئی نہیں بتا سکتا لہٰذا ایک سال میں نئے بلدیاتی انتخابات کرانا ناممکن ہے۔