مریم نواز کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

مریم نواز کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر
کیپشن: درخواست میں عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کا بھی تفصیلی ذکر موجود ہے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ مریم نواز آفیشل فیس بُک پیج

اسلام آباد: تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے مریم نواز کو پارٹی عہدہ دینے کیخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی۔

درخواست جمع کرانے والوں میں فرخ حبیب، ملیکہ بخاری، کنول شوذب اور جویریہ ظفر شامل ہیں۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ہے کہ مریم نواز کی بطور پارٹی نائب صدر تقرری آئین و قانون سے متصادم ہے اور مریم نواز کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کیلئے نااہل ہیں۔

درخواست میں عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کا بھی تفصیلی ذکر موجود ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما ملیکہ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اپنے پارٹی منشور کو آگے بڑھاتے ہوئے درخواست دائر کی۔ مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کو چیلنج کیا ہے۔ عدالت سے سزا یافتہ مریم نواز کو پارٹی کا نائب صدر مقرر کیا گیا اور جو شخص آرٹیکل 62، 63 پر پورا نہیں اترتا وہ پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔