بلوچستان میں دہشتگردوں کا حملہ، میجر سمیت 6 جوان شہید

بلوچستان میں دہشتگردوں کا حملہ، میجر سمیت 6 جوان شہید

راولپنڈی: بلوچستان میں دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے میجر اور 5 جوان مادر وطن پر قربان ہو گئے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے کیچ میں دہشتگردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا۔ ریموٹ کنٹرول بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایف سی جنوبی بلوچستان کے میجرندیم عباس اور 5 جوان شہید ہو گئے۔میجر ندیم عباس بھٹی کا تعلق پنجاب کے علاقے حافظ آباد سے تھا جبکہ حملے میں پاک فوج کا ایک جوان زخمی بھی ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں نائیک جمشید، لانس نائیک خضر حیات، لانس نائیک تیمور، سپاہی ساجد اور سپاہی ندیم شامل ہیں۔شہید نائیک جمشید کا تعلق میانوالی، لانس نائیک خضر حیات کا تعلق اٹک سے، لانس نائیک تیمور اور سپاہی ندیم تونسہ شریف کے رہنے والے تھے جبکہ شہید سپاہی ساجد کا تعلق مردان سے تھا۔

سیکیورٹی اہلکار معمول کے گشت پر تھے اور ان کی گاڑی سرحد سے 14 کلومیٹر کے اندر تھی۔