سابق گورنر پنجاب کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت، معاملات طے پا گئے

سابق گورنر پنجاب کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت، معاملات طے پا گئے

لاہور: سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں اور جلد ہی وہ پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق چوہدری محمد سرور آئندہ نتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کا انتخاب لڑیں گے۔ پارٹی میں شمولیت سے متعلق تمام معاملات طے پا گئے ہیں اور جلد ہی اس کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق گورنر پنجاب لاہور کے علاقے شاہدرہ کے حلقے سے انتخاب لڑیں گے۔ چوہدری سرور عمرے کی ادائیگی کے بعد آج صبح ہی پاکستان واپس پہنچے ہیں جبکہ عمرہ ادائیگی کیلئے روانگی سے قبل انہوں نے (ن) لیگی قیادت سے ملاقات کی تھی۔ 
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ چوہدری محمد سرور کو عمرہ ادائیگی کیلئے روانہ ہونے سے قبل ملاقات کے دوران گورنر پنجاب بنانے کی پیشکش بھی کی گئی تھی لیکن چوہدری سرور نے لاہور سے انتخاب لڑنے کی خواہش کا اظہار کیا جس پر لیگی قیادت نے حتمی فیصلے کیلئے ان سے کچھ وقت مانگا تھا۔ 
ذرائع کے مطابق دوسری ملاقات چوہدری سرور کے بیٹے انس سرور اور نواز شریف کے درمیان ہوئی، نواز شریف سے ملاقات کے دوران (ن) لیگ اور چوہدری سرور کے درمیان سیاسی معاملات طے پائے۔

مصنف کے بارے میں