عمران خان نے اپنی تقریر میں کبھی کسی کا نام نہیں لیا: فواد چودھری

عمران خان نے اپنی تقریر میں کبھی کسی کا نام نہیں لیا: فواد چودھری

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بیان کے ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی تقریر میں کبھی کسی کا نام نہیں لیا ۔ پی ٹی آئی ، عمران خان نے کبھی اس طرح ہرزہ سرائی نہیں کی جس طرح مریم نے کی ۔

اپنی پریس کانفرنس میں فواد چودھری نے کہا کہ گزشتہ روز شہباز شریف کا بیان آیا کہ عمران خان کے خلاف کیس کریں گے ۔ شہباز شریف نے جو گفتگو کی وہ کافی نہیں ، مریم نواز معافی مانگیں ، مریم نواز کی گفتگو پر مسلم لیگ ن کو معافی مانگنی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران طبقے کیلئے عوام میں نفرت پائی جاتی ہے ۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ شہباز شریف کا دوسرا بیان تھا کہ مریم نواز کی تقریر کو سنجیدہ نہ لیا جائے ۔ یہ تو ہر ایک کو پتہ ہے کہ مریم نواز ایک غیر سنجیدہ خاتون ہیں ۔ مریم نواز نے پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کی ، آئی ایس پی آر نے کل واضح کہا فوج کو سیاست میں ملوث نہ کیا جائے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے عمران خان کی تقریر کے بعد کہا کہ قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے ۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایبٹ آباد میں ریاست ، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیا گیا ، ان کیخلاف قانونی کارروائی کریں گے یہ سیاست نہیں سازش ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی سیاست نہیں سازش کر رہا ہے اور یہ سازش پاکستان کے خلاف ہو رہی ہے ۔ ایک شخص کی انا، تکبر ، جھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے ۔ پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی ، اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کر رہا ہے ۔ عمران نیازی کی ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اسی تھالی میں چھید کر رہا ہے جس میں اُس نے کھایا ۔ بائیس کروڑ عوام ، آئین اور قومی ادارے ایک شخص کے غلام نہیں ۔ عمران نیازی عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے ، اسے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے ۔ عمران نیازی نے بہت جھوٹ بول لیا ، اب اسے سچائی کا سامنا کرنا ہوگا ۔

مصنف کے بارے میں