سابق گورنر پنجاب کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت، ترجمان نے تردید کر دی

سابق گورنر پنجاب کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت، ترجمان نے تردید کر دی

لاہور: سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ترجمان چوہدری محمد سرور راشد سپرا نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں دوبارہ شمولیت سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق گورنر پنجاب کے حوالے سے ایک خبر سامنے آئی تھی کی چوہدری محمد سرور کے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں اور وہ بہت جلد (ن) لیگ میں شمولیت کا اعلان کریں گے تاہم اب چوہدری محمد سرور کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔ 
ترجمان چوہدری محمد سرور راشد سپرا کا کہنا ہے کہ سیاسی مستقبل کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، نجی چینلز بغیر تصدیق اور موقف لئے بغیر خبر دینے سے گریز کریں۔
راشد سپرا کا کہنا ہے کہ چوہدری سرور نے سیاسی مستقبل کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا اور وہ ساتھیوں سے مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے، اس حوالے سے جو بھی طے پائے گا، میڈیا کو بھی اس سے آگاہ کریں گے۔ 
واضح رہے کہ پنجاب میں وزارت اعلیٰ اور اسمبلی اجلاس بلانے کے معاملے پر چوہدری محمد سرور کے تحریک انصاف کے ساتھ اختلافات ہو گئے تھے جس پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم کی سفارش پر انہیں ہٹا کر عمر سرفراز چیمہ کو گورنر تعینات کر دیا تھا۔

مصنف کے بارے میں