پی ٹی آئی لانگ مارچ، ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز دوسرے شہر منتقل کرنے پر غور شروع

پی ٹی آئی لانگ مارچ، ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز دوسرے شہر منتقل کرنے پر غور شروع

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متوقع لانگ مارچ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام کو بھی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے متوقع لانگ مارچ کے باعث پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جون میں شیڈول سیریز کیلئے راولپنڈی کے ساتھ متبادل آپشن پر بھی مشاورت شروع کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیزکی ٹیم کی پانچ جون کو راولپنڈی آمد طے ہے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز بالترتیب 8، 10 اور 12 جون کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے ہیں۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر سیریز کا مقام تبدیل کرنے کی صورت میں کراچی سمیت دیگر شہروں کو متبادل وینیو کیلئے استعمال کرنے پر غور ہورہا ہے۔
بورڈ آفیشل نے متبادل وینیو کے حوالے سے مشاورت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متبادل شہروں کا آپشن ضرور زیر غور ہے تاہم اس پر ابتدائی بات چیت کے سوا ابھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک یہ سیریز اعلان کردہ شیڈول کے مطابق راولپنڈی میں ہی شیدول ہے اور وینیو کی تبدیلی سے متعلق کسی بھی طرح کے فیصلے سے قبل حکومت سے بات چیت کریں گے۔ 

مصنف کے بارے میں