حکومت کا عوام کیلئے بڑا ریلیف، چینی اور گھی سستا 

حکومت کا عوام کیلئے بڑا ریلیف، چینی اور گھی سستا 
سورس: File

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے  30 لاکھ ٹن گندم  درآمد کرنے جبکہ  پاسکو اور پنجاب کو مزید ساڑھے دس لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی اجازت دیدی ،یوٹیلیٹی اسٹورز پر  آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کمی کی سمری بھی  منظور کرلی گئی ۔

وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس اسلام  آباد میں ہوا ،ای سی سی نے 30 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دیدی ۔اجلاس میں رمضان ریلیف پیکیج کے تحت گندم اور چینی کی قیمتوں پر نظرثانی  کرتے ہوئے ای سی سی نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر  آٹے اور چینی کی قیمتوں میں کمی کی سمری منظور کرلی۔ 

اجلاس میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 950 روپے سے کم کرکے 800 روپے کرنے  جبکہ چینی کی  قیمت 85 روپے سے کم کرکے 70 روپے فی کلو کرنے کی منظوری دی گئی ۔ ای سی سی نے ویجی ٹیبل گھی پر 180 روپے فی کلو سبسڈی دینے کی بھی منظوری دیدی۔ 

وزیراعظم ریلیف پیکج 2020ء کی مئی اور جون تک توسیع  جبکہ  رمضان ریلیف پیکیج کے تحت یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی فروخت جاری رکھنے کی اجازت  دیدی ،اجلاس کے دوران پاسکو اور پنجاب کو اضافی گندم خریدنے کی منظوری دیدی گئی ۔ 

پاسکو نے 1.20 ملین میٹرک ٹن اور محکمہ خوراک پنجاب نے 3.5 ملین میٹرک ٹن گندم خریداری خا ہدف حاصل کرلیا ہے ،پاسکو کو 0.50 ملین میٹرک ٹن اور محکمہ خوراک پنجاب کو 1 ملین میٹرک ٹن گندم خریداری کی اجازت  دی گئی ،پاسکو  28.50 ارب روپے اور محکمہ خوراک پنجاب کو 145.50 ارب سے گندم خریدے گا۔

 سندھ کی جانب سے گندم خریداری کا ہدف مکمل ہونے پر صوبے کو  ہدف سے زائد گندم خریداری کی اجازت دی جائے گی۔ملکی طلب کے مطابق 3 ملین میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کی بھی اجازت دیدی گئی،اجلاس میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ کی  منظوری موخر کردی گئی ۔ 

مصنف کے بارے میں