عمران خان گرفتار

عمران خان گرفتار

اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا ہے، ذرائع کے مطابق نیب حکام کے پاس عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے۔ عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں احاطہ عدالت سےرینجرز نے گرفتار کیا ہے۔

نیب اعلامیے کے مطابق عمران خان کونیشنل اکاؤنٹیبیلٹی آرڈیننس 1999 کے سکیشن 9 اے کے تحت گرفتار کیا،عمران خان کو نیب نے 34 اے ، 18 ای ، 24 اے کے تحت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گرفتار کیا۔

 عمران خان کے وارنٹ یکم مئی کو جاری ہوئے تھے، عمران خان کے وارنٹ چیئرمین نیب کے دستخط سے جاری ہوئے۔ سابق وزیراعظم پر کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث ہونےکا الزام ہے، عمران خان کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائےگا۔

خیال رہے اسلام آباد عدالت میں پیشی کے لئے روانگی سے قبل عمران خان نےایک ویڈیو بیان میں کہا  کہ عزت ہر شہری کی ہونی چاہیے، میں قوم کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں۔ سوال میرا یہ ہے کہ ملک کا سابق وزیراعظم پنجاب میں اپنی حکومت ہوتے ہوے ایف آئی آر نہیں کٹوا سکا؟ پتہ تو تب چلتا جب تحقیقات ہوتیں، بے قصور ہوتا تو سامنے آجاتا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مہربانی کریں کوئی ڈرامہ نہ کریں اور وارنٹ لےکرآئیں، مجھ پرکوئی کیس نہیں، میں ذہنی طورپرگرفتاری کے لیے تیار ہوں، اگرمجھے جیل میں بھیجنا ہے تو جانےکو تیارہوں۔