کراچی کی ایک کاروباری شخصیت کا چائے والے کے نام پر ہوٹل بنانے کا فیصلہ

کراچی کی ایک کاروباری شخصیت کا چائے والے کے نام پر ہوٹل بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد :  چائے والا کے نام سے شہرت پانے والے ارشد خان پر قسمت  ایسی مہربان ہوئی ہے کہ اب انہیں ہر طرف سے مختلف قسم کی آفرز آرہی ہیں لیکن کراچی کی ایک کاروباری شخصیت نے انہیں ایسی آفر کردی ہے کہ وہ فلموں میں کام نہ بھی کریں تو ان کی زندگی بدل جائے گی۔
ارشد خان چائے والا کے منیجر نے  بتایا کہ وہ 9 نومبر کو کراچی جائیں گے جہاں 14 نومبر کو ان کی کراچی کی ایک کاروباری شخصیت سے ملاقات ہے۔ انہوں نے کاروباری شخصیت کا نام صیغہ راز میں رکھتے ہوئے صرف ان کی ذات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ شخصیت مہمند قوم سے تعلق رکھتی ہے اور ہوٹلنگ کے کاروبار کا بڑا نام ہے۔ مہمند صاحب کا کراچی صدر اور فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں ہوٹلوں کا کاروبار ہے۔

منیجر عبداللہ خان نے مزید بتایا کہ کاروباری شخصیت نے ڈیفنس کراچی میں ایک ریسٹورنٹ کیلئے جگہ خرید لی ہے جہاں ارشد خان کے نام سے ریسٹورنٹ بنایا جائے گا جس کے بعد اس ریسٹورنٹ کی پورے کراچی میں شاخیں کھولی جائیں گی اور کامیابی کی صورت میں پورے پاکستان میں ارشد خان کے نام سے ریسٹورنٹس کی چین قائم کی جائے گی۔