شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 140 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کا 140 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

لاہور: علامہ اقبال کے یوم ولادت کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ قومی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لئے مزارِ اقبال پر اعزازی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ پاکستان نیوی کے دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ اس سے پہلے گارڈز کے فرائض پنجاب رینجرز کے پاس تھے۔

9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں آنکھ کھولنے والے علامہ محمد اقبال نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی شہر سیالکوٹ میں حاصل کی اور پھر لاہور کا رخ کیا۔ 1899 میں ایم اے کرنے کے بعد اورینٹل کالج میں شعبہ درس و تدریس سے وابستہ ہوئے اور اس دوران شاعری بھی جاری رکھی۔

علامہ اقبال نے 1905 میں برطانیہ چلے گئے جہاں پہلے انھوں نے کیمبرج یونیورسٹی ٹرنٹی کالج میں داخلہ لیا اور پھر معروف تعلیمی ادارے لنکنز اِن میں وکالت کی تعلیم لینا شروع کر دی بعد ازاں بعد وہ جرمنی گئے اور میونخ یونیورسٹی سے انہوں نے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

ڈاکٹر محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد وکالت کے ساتھ سیاست میں بھی حصہ لینا شروع کیا اور اپنی شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پر منتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا۔ 1934 کو مسلم لیگ کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے رکن بنے تاہم طبیعت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ قیام پاکستان سے 9 برس قبل 21 اپریل 1938 کو لاہور میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں