سعودی خواتین کے لیے گاڑیوں کی مرمت کے شعبے میں کام کے دروازے بھی کھل گئے

سعودی خواتین کے لیے گاڑیوں کی مرمت کے شعبے میں کام کے دروازے بھی کھل گئے

جدہ: سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد خواتین کے لیے گاڑیوں کی مرمت کے شعبے میں کام کے دروازے بھی کھل گئے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق عنقریب سعودی خواتین گاڑیوں کی مرمت کی پیشہ وارانہ تربیت حاصل کرنا شروع کریں گی۔جمعرات کو سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب میں تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت کی جنرل آرگنائزیشن کے سربراہ احمد الفھید نے بتایا ہے کہ آرگنائزیشن نے تعلیمی اداروں کے نصاب کے لیے خواتین کی ہنگامی حالت میں گاڑیوں کی مرمت کے مواد کو شامل کرنے کی تیاری شروع کی ہے۔انہوں نے خواتین کے لیے خوش خبری دی کہ جلد ہی تنظیم کے زیرانتظام تعلیمی اداروں میں گاڑیوں کی ہنگامی مرمت کے حوالے سے شام کی کلاسیں شروع کی جائیں گی۔

ان کاکہنا تھا کہ خواتین کو گاڑیوں کو ٹھیک کرنے کی تربیت دینے کا مقصد کسی ہنگامی حالت یا معمولی فنی خرابی کی صورت میں گاڑی کو ٹھیک کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔ خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت ملنے کے بعد اس طرح کی پیشہ وارانہ تربیت خواتین کی ضرورت بن چکی ہے۔