کولمبیا میں تاریخی آپریشن, 12 ہزار کلو کوکین پکڑی گئی

کولمبیا میں تاریخی آپریشن, 12 ہزار کلو کوکین پکڑی گئی

نیروبی:  کولمبین پولیس نے ملکی تاریخ میں سب سے بڑا آپریشن کرتے ہوئے 12 ٹن  کوکین پکڑ   لی جس کی مالیت پاکستانی کرنسی میں اربوں روپے بنتی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق کوکین کولمبیا کے شمالی علاقے میں کیلوں کے 4 باغات میں چھپائی گئی تھی جسے ممکنہ طور پر امریکا اسمگل کیا جانا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے 4 افراد کو بھی گرفتار کیا ہے اور برآمد کی گئی کوکین کی مالیت 36 کروڑ ڈالر بنتی ہے۔

کولمبین صدر جان مینؤئل سینٹوس نے اپنے بیان میں کہا  کہ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کوکین پکڑی ہے۔پولیس کی جانب سے کارروائی طاقتور منشیات فروش گروہ ’گلف‘ کے خلاف آپریشن کا حصہ ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کوکین گلف گروہ سے سربراہ ڈائرو اوسنگا المعروف اوٹونیل کی ملکیت ہے، اور اس گروہ کا شمار کولمبیا کے خطرناک ترین جرائم پیشہ گروہوں میں ہوتا ہے۔کولمبین فورسز کئی سالوں سے اوٹونیل کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

کولمبین حکام کا کہنا ہے کہ رواں برس اس گروہ کے 1500 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور گروہ کے نائب سربراہ کو ہلاک بھی کیا جا چکا ہے۔خیال رہے کہ کولمبین فورسز کی جانب سے رواں برس مجموعی طور پر 362 ٹن کوکین حراست میں لی جا چکی ہے جب کہ گزشتہ برس کولمبیا میں 866 ٹن کوکین کاشت کی گئی تھی۔