اقوام متحدہ کے آزاد پینل نے مرسی کی موت کو ’قتل‘ قرار دے دیا

اقوام متحدہ کے آزاد پینل نے مرسی کی موت کو ’قتل‘ قرار دے دیا
کیپشن: محمد مرسی پر قطر کیلئے جاسوسی کا الزام تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نیو یارک: اقوام متحدہ کے آزاد پینل نے سابق مصری صدر محمد مرسی کی وفات کو مصری حکومت کی حراست میں قتل قرار دے دیا۔ ماہرین کے پینل نے کہا کہ محمد مرسی کو تورا جیل میں پانچ سال تک سفاکانہ حالت میں قید رکھا گیا جبکہ انھیں ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کی بیماریاں تھیں۔

پینل نے کہا کہ ان کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت سے متعلق خبردار کرنے کے باوجود انھیں زندگی بچانے والے اقدامات سے محروم رکھا گیا۔

خیال رہے کہ رواں برس 17 جون کو مصر کے سابق صدر محمد مرسی کمرہ عدالت میں بے ہوشی کے بعد اسپتال منتقل ہوتے ہوئے انتقال کر گئے تھے۔

محمد مرسی پر قطر کیلئے جاسوسی کا الزام تھا جس کی سماعت کیلئے وہ کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

عدالت برخاست ہونے کے بعد 67 سالہ محمد مرسی بے ہوش ہو گئے اور اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔

محمد مرسی 30 جون 2012 سے 3 جولائی 2013 تک مصر کے صدر رہے۔ محمد مرسی مصر کے پہلے جمہوری طور پر منتخب صدر تھے لیکن صرف ایک سال کے اندر ہی 2013 میں مصری فوج نے ان کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔

اس کے بعد محمد مرسی سمیت ان کی سیاسی جماعت اخوان المسلمین کے متعدد رہنماؤں پر مقدمات قائم کیے گئے۔