علامہ اقبال کا یومِ ولادت، مزار پر گارڈز کی تبدیلی

علامہ اقبال کا یومِ ولادت، مزار پر گارڈز کی تبدیلی
شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کا آج 142 واں یومِ پیدائش ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: آج حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا یومِ ولادت منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی ہے۔پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے مزارِ اقبال پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر کموڈور نعمت اللّٰہ خان تقریب میں مہمانِ خصوصی تھے۔


کموڈور نعمت اللّٰہ خان نے مزارِ اقبال پر حاضری دی۔ پھول رکھے، فاتحہ پڑھی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔

پاکستان کے تصور کا خواب دیکھنے والے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کا آج 142 واں یومِ پیدائش ہے۔

علامہ اقبال 9 نومبر 1877ء کو سیالکوٹ کے ایک دیندار گھرانے میں پیدا ہوئے۔ مولوی میر حسن اور پروفیسر آرنلڈ کی شاگردی نے ان کے دینی اور دنیاوی علم کو جلا بخشی جبکہ جرمنی اور برطانیہ سے حاصل ہونے والی اعلیٰ تعلیم نے وسیع النظری پیدا کی۔

علامہ اقبال کی شاعری نے برصغیر کی پسماندہ مسلم قوم کو جگایا، امید پیدا کی اور ان کے دو قومی نظریے اور علیحدہ قومیت کے تصور نے پاکستان کی راہ ہموار کی۔