سدھو نے راہداری کھولنے کے بعد پاکستان اور بھارت کا بارڈر کھولنے کی التجا کر دی

سدھو نے راہداری کھولنے کے بعد پاکستان اور بھارت کا بارڈر کھولنے کی التجا کر دی
کیپشن: جپھی سے ہی تمام مسائل کا حل ممکن ہے تو اس میں قباحت ہی کیا ہے، نوجوت سنگھ سدھو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

نارووال: سابق کرکٹر اور بھارتی سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپورراہداری منصوبے کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمزور سیاستدانوں کے بجائے عمران خان ایک بہادر انسان ہیں اور عمران خان جیسے لوگ تاریخ رقم کرتے ہیں۔ عمران خان زندہ تاریخ ہیں  اور انہوں نے کسی نفع کیلئے نہیں بلکہ انسانیت کیلئے کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا ۔ ان کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ سکھ قوم پاکستان کو جہاں لے جائیں گے شاید یہ ویسے ممکن ہو اور میری زبان سے چودہ کروڑ سکھوں کی آواز نکلتی ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کیلئے تعریفی اشعار کہے۔ سکھ کمیونٹی گرونانک آنے کیلئے ترستی رہی لیکن عمران خان نے سکھوں کے دلی مراد پوری کر دی ہے۔ سکندر نے خوف سے دنیا جیتی تھی اور عمران خان نے محبت اور امن سے سکھوں کے دل جیت لیے ہیں اور عمران خان نے اپنی دوستی کا حق ادا کر دیا۔

نوجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور راہداری کھولنے کے بعد پاکستان اور بھارت کا بارڈر کھولنے کی التجا کر دی اور کہا ہے کہ ”ہور ہور ہور، یہ دل مانگے مور، بارڈر کھولو، بارڈر کھولو“۔

انہوں نے مزید کہا کہ جپھی سے ہی تمام مسائل کا حل ممکن ہے تو اس میں قباحت ہی کیا ہے۔ جپھی ڈال کر سب مسئلوں کو سلجھائے جائیں، تقسیم ہند کے بعد پہلی بار یہ رکاوٹ ہٹائی گئی ہے اور کرتارپور راہداری کو کھولنے کا فیصلہ امن کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان نے سکھوں کی دلی مراد پوری کر دی۔ انہوں نے نفع نقصان نہیں دیکھا اور دس ماہ میں پاکستانی حکومت نے گرونانک کا نقشہ ہی بدل دیا ہے جو کہ انتہائی مشکل کام تھا۔ پنجاب کے بٹوارہ کا مرہم کرتارپور راہداری کو کھول کر لگا دیا۔