وزیر اعظم عمران خان نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام

 وزیر اعظم عمران خان نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام
کیپشن: Image Source: File Photo


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نبی ﷺ کی زندگی اپنے اندر اعلیٰ اخلاق کی ایک دنیا لیے ہوئے ہے۔ آپ ﷺنے اپنے حسن انتظام سے روئے زمین پر ایک مثالی فلاحی ریاست قائم کی ۔

 

تفصیلات کے مطابق ، وزیر اعظم عمران خان نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام دیتے ہوئے کیا کہ محسن انسانیت حضرت محمد ﷺ کے یوم پیدائش پر امت مسلمہ کو مبارک باد دیتا ہوں، دعا ہے ایسے مبارک مہینے ہماری زند گی میں بار بار آتے رہیں، نبی ﷺ کی زندگی اپنے اندر اعلیٰ اخلاق کی ایک دنیا لیے ہوئے ہے۔

 

وزیر اعظم نے کہا کہ آپ ﷺ نے دشمنوں سے اپنے آپ کو صادق اور امین کہلوایا، آپ ﷺ نے تبلیغ اسلام اس وقت شروع کی جب لوگوں نے انہیں صادق و امین تسلیم کر لیا تھا۔ آپ ﷺ نے کبھی جھوٹ نہیں بولا اور نہ کبھی امانت میں خیانت فرمائی۔

 

وزیر اعظم نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا  کہ آپ ﷺ نے دوسرے مذہب کے قوانین کو زمانہ میں تسلیم کیا جب تسلیم کرنے کا تصور کرنا بھی محال تھا، نہ صرف تسلیم کیا بلکہ عمل پیرا ہونے کی ضمانت بھی دی۔ ۔آپ ﷺنے اپنے حسن انتظام سے روئے زمین پر ایک مثالی فلاحی ریاست قائم کی۔

 

عمران خان نے کہا کہ ایسی ریاست جہاں سب کو اُن کے مذہبی عقائد کے مطابق عبادت کرنے کی آزادی تھی، ریاست مدینہ کے وہ روشن پہلو تھے جو زمانے کی کسی ایک ریاست میں بھی رائج نہیں تھے۔ تاریخ انسانی کی پہلی فلاحی ریاست کا تصور سب سے پہلے اسلام ہی نے دیا۔

 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نبی ﷺ اور خلفائے راشدینؓ نے پہلی صدی ہجری کے اوائل میں تصور کو عملی جامہ پہنایا، ترقی یافتہ دنیا میں فلاحی ریاست کا آج کا تصور ہمارے آقا نے 1400 سال قبل ریاست مدینہ کی صورت میں قائم کر کے دکھایا۔

 

عمران خان نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ کے قیام کا مقصد صرف امت مسلمہ ہی نہیں بلکہ انسانیت کی فلاح و بہبود تھا، یہ فلاحی ریاست ہر دور کے لو گوں کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں نیک مقصد کے حصول میں کامیاب فرمائے، اللہ ہمیں روز وشب کو تعلیمات بنو یﷺ کی روشنی میں بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔