صدر مملکت کا عظیم مسلمان فلسفی اور شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کو بھرپور خراج عقیدت

The President pays Tribute to the great Muslim philosopher and poet of the East, Allama Iqbal
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علامہ اقبالؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر انھیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بڑے مفکر تھے، جنہوں نے اپنی تحریروں اور شاعری سے مسلمانوں کو اتحاد کا درس دیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا علامہ محمد اقبالؒ کے یوم پیدائش کے موقع پر پیغام میں کہنا تھا کہ انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا اور مسلمانوں میں انقلابی روح پھونکی۔ شاعر مشرق کے فلسفہ خودی پر عمل ہمیں ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آج کا دن امت مسلمہ کے اتحاد، ترقی اور ملک میں خوشحالی کا درس دیتا ہے۔ 

ادھر وزیر کالونیز وجیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بھی یوم اقبال پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن مفکر اسلام کے فرمودات کی روشنی میں پاکستان سے تجدید عہد وفا کا دن ہے۔ علامہ اقبال کی تعلیمات میں فرد کی ذات سے لے کرامت کی ترقی کیلئے سبق موجود ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ علامہ اقبال نے پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ کے ذریعے اتحاد ویگانگت کاسبق دیا۔ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو نئےعلوم کے ذریعے مستقبل اپنے نام کرنے کے تلقین کی۔ 

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قوم حضرت علامہ اقبالؒ کو آج زبردست خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ تاریخ ساز شاعر، عظیم فلسفی اور مفکر تھے۔ انہوں نے خودی کا ولولہ انگیز پیغام دیا۔ دوسروں پر انحصار کی بجائے نوجوان نسل کو اپنی دنیا آپ پیدا کرنے کا حکیمانہ درس دیا۔ ہم وزیراعظم کی قیادت میں علامہ اقبال کے تصور پاکستان کی تعبیر دیں گے۔