صورتحال پیچیدہ: پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافے کی شرح 4.5 فیصد تک پہنچ گئی

The situation is complicated: the growth rate of corona cases in Pakistan has reached 4.5%
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافے کی شرح 4.5 فیصد تک پہنچ گئی۔ 15 شہروں میں کورونا وائرس کی مثبت شرح زیادہ ہے۔

تفصیل کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں کورونا جائزہ اجلاس ہوا جس میں بڑے شہروں میں وبائی صورتحال میں تیزی سے اضافے کی نشاندہی کی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافے کی شرح 4.5 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ 15 شہروں میں کورونا وائرس کی مثبت شرح زیادہ ہے۔

این سی او سی اجلاس میں بتائے گئے اعدادوشمار کے مطابق حیدر آباد میں مثبت شرح سب سے زیادہ 16.59 فیصدہے۔ اس کے علاوہ گلگت میں 15.38، ملتان میں 15.97، مظفر آباد میں 14.12، میرپور میں 11.11، پشاور میں 9.69، کوئٹہ میں 8.03، اسلام آباد میں 7.48 فیصد، کراچی میں 7.12، لاہور میں 5.37 اور راولپنڈی میں 4.63 فیصد ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے 4136 مختلف حصوں پر مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں کورونا کی شرح میں حالیہ اضافے اور قومی رابطہ کمیٹی کے بعد کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی چیف سیکرٹریز کی جانب سے اجلاس کو زیادہ شرح والے شہروں میں اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ این سی او سی کو بتایا گیا کہ ماسک کے استعمال اور شادیوں کی آؤٹ ڈور تقریبات کیلئے جاری گائیڈ لائنز پر عمل کرایا جا رہا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 9 مریض جان کی بازی ہار چکے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 977 تک پہنچ گئی ہے۔ مجموعی طور پر 1650 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 3 لاکھ 44 ہزار 839 مصدقہ کورونا کیس سامنے آ چکے ہیں۔ اس وقت فعال کیسز کی تعداد 17 ہزار 800 سے تجاوز کر چکی ہے۔ ملک بھر میں 148 وینٹی لیٹرز اس وقت زیر استعمال ہیں۔