'جوبائیڈن انتظامیہ نے جس طرح افغانستان سے انخلا کیا وہ ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے'

US President, Biden's administration, Afghanistan, Donald Trump, Taliban, Pakistan

نیویارک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن انتظامیہ نے جس طرح افغانستان سے انخلا کیا وہ ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے ۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ جس طرح افغانستان سے امریکی انخلا ہوا پتہ نہیں امریکی عوام اس چیز کی نفسیات سے نکل پائیں گے یا نہیں ۔ انہوں نے کہا اگر ان کی حکومت میں انخلا ہوتا تو وہ طاقت کے ساتھ انخلا کرتے اور بگرام ائیر بیس پر ٹرمپ حکومت کا کنٹرول ہوتا ۔

ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ نے بگرام ائیر بیس کا کنٹرول بھی چھوڑ دیا ، لگتا ہے اب چین بگرام ائیر بیس پر قبضہ کر لے گا ۔

واضح رہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد طالبان نے وہاں حکومت قائم کر لی ہے ۔ لیکن امریکا سمیت متعدد عالمی طاقتیں طالبان کی حکومت کو تسلیم کرنے سے اجتناب کر رہی ہیں ۔

اس حوالے سے سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ طالبان نے عالمی طاقتوں کے مطالبے کو نظر انداز کر کے حکومت قائم کی اس لیے امریکا اور اُس کے اتحاد طالبان کی حکومت کو ماننے سے انکار کر رہے ہیں ۔