کیپٹن (ر) محمد صفدر کی ضمانت منظور، بیرون ملک جانے پر مشروط پابندی عائد

کیپٹن (ر) محمد صفدر کی ضمانت منظور، بیرون ملک جانے پر مشروط پابندی عائد

اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف دائر تین ریفرنسز کی سماعت کی۔ اس موقع پر نیب نے گزشتہ روز ملزم صفدر کی گرفتاری سے متعلق تعمیلی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ ملزم کو 2 اکتوبر کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے گزشتہ روز گرفتار کیا گیا۔  نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ملزم کو بیرون ملک جانے سے قبل اجازت لینی چاہیے تھی، عدالت ملزم کا پاسپورٹ ضبط کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوائے۔

عدالت نے نیب کی جانب سے کیپٹن (ر) صفدر کو جیل بھجوانے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ملزم کو آئندہ بیرون ملک جانے سے قبل عدالت سے اجازت لینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ قانون کی حکمرانی ضروری ہے جس کے بعد عدالت نے ملزم کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں نے کونسا بڑا جرم کیا ہے۔ میں نے کوئی طیارہ اغوا نہیں کیا جو کسی سے ڈروں۔ صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ میری فوجی تربیت ہے اور خوب تیار ہوں جبکہ نیب کے ساتھ رات اچھی گزری ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا میڈیا سے عدالت کا سامنا کرینگے اور کر رہے ہیں.جو لوگ عدالت میں پیش نہیں ہوتے ان کو پیش ہونا چاہیے۔

یاد رہے گزشتہ رات نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو لندن سے اسلام آباد پہنچنے پر قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے گرفتار کر لیا تھا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے رواں ماہ 2 اکتوبر کو ہونے والی سماعت کے دوران نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز، حسین نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف عدالت میں پیش نہ ہونے پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ جبکہ مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں