کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، 5 افراد جاں بحق

کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، 5 افراد جاں بحق

کوئٹہ: پولیس کے مطابق واقعہ شہر کے مصروف علاقے کاسی روڈ پر پیش آیا جہاں نامعلوم موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان نے وین کو نشانہ بنایا۔ وین میں سوار افراد ہزار گنجی سبزی منڈی جا رہے تھے جب کہ مسافروں میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔


پولیس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی وین کاسی روڈ پر پہنچی تو پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے بس پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ مرنے والوں میں 3 ہزارہ برادری کے افراد بھی شامل ہیں ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا جہاں مرنے والوں کی شناخت حاجی محمد، صالح محمد، خادم حسین، سید سرور اور محمد علی کے نام سے ہوئی ہے۔

دوسری جانب پولیس نے جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جب کہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔ پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش کے لیے اطراف کے علاقے میں ناکہ بندی کر لی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں