جو احتساب سے بھاگ رہے ہیں انہیں کوئی گرفتار نہیں کر رہا، مریم نواز

جو احتساب سے بھاگ رہے ہیں انہیں کوئی گرفتار نہیں کر رہا، مریم نواز

اسلام آباد: احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز مخالفین پر برس پڑیں۔ کہتی ہیں جو احتساب سے بھاگ رہے ہیں انہیں کوئی گرفتار نہیں کر رہا اور جو لوگ خود کو احتساب کے لئے پیش کر رہے ہیں انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے مزید کہا عدالتوں میں ہر بار پیش ہو کر انصاف اور عدل کی زنجیر ہلا رہے ہیں اور مجھ پر مقدمات نواز شریف کی بیٹی ہونے کی وجہ سے بنائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ شدید ترین تحفظات کے باوجود عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پچھلے دنوں میڈیا پر کچھ چیزیں آئیں اور اس حوالے سے مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔

پیشی کے بعد مریم نواز کا ٹویٹ

2e898d53e34f953c83baccfc7d6fcb1f

یاد رہے آج احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایون فیلڈ، عزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ کمپنیز ریفرنسز کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو 53 والیوم پر مشتمل مقدمے کی نقول فراہم  کی گئیں جس کے بعد عدالت نے مریم نواز کو حاضری یقینی بنانے کے لئے 50 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

مریم نواز کی جانب سے طارق فضل چوہدری نے ضمانتی مچلکے جمع کرائے اور پرویز رشید اور آصف کرمانی نے بطور گواہ دستخط کئے۔ بعد ازاں ان کی ضمانت منظور کر لی گئی۔ واضح رہے گزشہ پیشی پر احتساب عدالت نے مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں