شامی باغی گروپ تحریرالشام کے جنگجوﺅں کا ادلب میں ترک فوج پر حملہ

شامی باغی گروپ تحریرالشام کے جنگجوﺅں کا ادلب میں ترک فوج پر حملہ

انقرہ: شام میں سرگرم باغی گروپ تحریر الشام ( ایچ ٹی ایس) کے دہشت گردوں نے ترک فوج کی ایک گاڑی پرفائرنگ کردی جس کے جواب میں ترک فوج نے بھی جوابی فائرنگ کی اور علاقے پر بم بھی برسائے تاہم دونوں واقعات میں ہلاکتوں بارے معلوم نہیں ہوسکا ہے،لندن میں قائم شامی آبزرویٹری نے ایک بیان میں کہاکہ ترک افواج اور القاعدہ کی سابقہ شامی شاخ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا ۔

سیرین آبزرویٹری اور عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ ادلب کی سرحد پر پیش آیا۔ اس دوران ہلاکتوں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ تحریر الشام ( ایچ ٹی ایس) کے دہشت گردوں نے ترک فوج کی ایک گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ ترکی اور ادلب کے مابین تعمیر شدہ دیوار کے کچھ حصوں کو وہاں سے ہٹانے میں مصروف تھی۔

ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے کو بتایاکہ حملے کے جواب میں ترک فوج نے جوابی فائرنگ کی اور علاقے پر بم بھی برسائے۔سیرین آبزرویٹری کے مطابق اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہواتاہم اس واقعے کا ایردوآن کی جانب سے عسکری کارروائی کے آغاز کے اعلان سے بظاہر کوئی تعلق دکھائی نہیں دیتا۔

اس سے قبل کئی ہفتوں سے ایچ ٹی ایس کے خلاف کسی نئے آپریشن کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں اور شاید اس کا تعلق ادلب اور ارد گرد کے علاقوں میں ایک ”غیر عسکری خطے“ کے قیام کے منصوبے سے بھی ہے۔