روہنگیا مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 12 افراد جاں بحق، درجنوں لاپتہ

روہنگیا مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 12 افراد جاں بحق، درجنوں لاپتہ

کاکس بازار: میانمار کے ریاستی مظالم سے جان بچا کر بنگلادیش ہجرت کرنے والے روہنگیا مسلمانوں کی کشتی ڈوبنے سے بچوں اورخواتین سمیت 12افراد جاں بحق ہوگئے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق میانمار کے صوبہ راکھائن میں سرکاری فوج اور بدھ انتہاپسندوں کے حملوں کا شکار روہنگیا مسلمانوں کی بڑی تعداد اب بھی پناہ لینے بنگلا دیش پہنچ رہی ہے۔

ایسے ہی 100 سے زائد روہنگیا میانمار اور بنگلا دیش کے درمیان بہنے والے دریائے نیف کو کشتی عبور کررہے تھے کہ پانی کے تیز بہا ﺅ اور گنجائش سے زیادہ لوگوں کی موجودگی کی وجہ سے کشتی ڈوب گئی۔

بنگلادیشی سرحدی سیکورٹی کے اعلی افسر عبدالجلیل کا کہنا ہے کہ دریائے نیف سے رات بھر جاری رہنے والے ریسکیوآپریشن کے دوران اب تک 12لاشیں نکال لی گئی ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ ڈوب کر جاں بحق افراد میں 3خواتین اور 2بچے بھی شامل ہیں۔

اس سے قبل 28 ستمبر کو بھی دریائے نیف میں روہنگیا مہاجرین کی کشتی الٹنے سے 23 افراد ڈوب کرلقمہ اجل بن گئے تھے اور اس کشتی میں بھی 100 کے قریب افراد سوار تھے۔واضح رہے کہ 25 اگست کے بعد سے 5 لاکھ روہنگیا افراد راکھائن سے اپنی جان بچا کر بنگلادیش پہنچ چکے ہیں۔