نیب سمیت پرویز مشرف دور کے تمام کالے قانون ختم ہونے چاہئیں، نواز شریف

نیب سمیت پرویز مشرف دور کے تمام کالے قانون ختم ہونے چاہئیں، نواز شریف
کیپشن: وزیراعظم اور وزراء کے منہ سے خود باتیں نکل رہی ہوں تو اس کو کیا کہا جائے، نواز شریف۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ نیب سمیت پرویز مشرف دور کے تمام کالے قانون ختم ہونے چاہئیں جب کہ حکومت انتقامی سیاست کر رہی ہے۔

احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیراعطم نواز شریف نے حکومت اور نیب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام پر کوئی بھی پاکستانی نہیں بچ سکتا۔ امیر ہو یا غریب، جائیداد بیچنے پر مکمل آمدن ظاہر نہیں کرتا اور حکومت انتقامی سیاست کر رہی ہے۔ ہم نے درگزر کرنے کی اچھی روایات ڈالیں اور ہماری حکومت نے کوئی سیاسی انتقامی کارروائی نہیں کی۔

نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم اور وزراء کے منہ سے خود باتیں نکل رہی ہوں تو اس کو کیا کہا جائے۔ صحافی کی جانب سے سوال پر کہ ڈالر 136 کا ہو گیا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ اب سب کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں اور نیب سمیت مشرف دور کے تمام کالے قانون ختم ہونے چاہئیں۔ ابھی میرا بات کرنے کا دل نہیں کرتا اور بولوں گا لیکن ابھی نہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف نے دیانت داری پر کسی کو انگلی نہیں اٹھانے دی۔ شہباز شریف نے محنت اور جاں فشانی سے کام کیا اور صبح دیکھی نہ شام، دن رات کام کیا۔ انہوں نے خود کو بیمار کر لیا اور کینسر میں مبتلا ہو گئے۔