دبئی ٹیسٹ: پاکستان نے تیسرے دن کے اختتام تک دوسری اننگز میں 45 رنز پر 3 وکٹیں گنوادیں

دبئی ٹیسٹ: پاکستان نے تیسرے دن کے اختتام تک دوسری اننگز میں 45 رنز پر 3 وکٹیں گنوادیں
کیپشن: فوٹو بشکریہ آئی سی سی

دبئی : دبئی ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 202 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی اور اسی کے ساتھ قومی ٹیم کو کینگروز پر 280 رنز کی سبقت بھی حاصل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے  دوسری اننگز شروع کی تاہم دن کے اختتام پر پاکستان نے صرف 45 رنز پر 3 وکٹیں گنوادیں،پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف مجموعی طور پر 325 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ دوسری اننگز میں امام الحق 23 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔

 
دوسری اننگز میں پاکستان کو پہلا نقصان محمد حفیظ کی صورت میں ہوا جنہوں نے پہلی اننگز میں سنچری اسکور کی تھی تاہم وہ صرف 17 رنز بناسکے۔


پاکستان کی دوسری وکٹ 38 کے مجموعی اسکور پر گری جب بلال آصف بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے حالانکہ وہ نائٹ واچ مین کے طور پر آئے تھے، اس کے بعد اظہر علی بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ بھی صرف 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا۔

اس سے قبل ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو ایرون فنچ 13 اور عثمان خواجہ 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ پر 142 رنز کی شراکت قائم کی۔


پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ایرون فنچ 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 160 تک پہنچا تو شان مارش 7 رنز بنانے کے بعد بلال آصف کا شکار بنے۔

اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ سب سے زیادہ 85، مچل مارش 12، پیٹر سڈل 10 اور کپتان ٹم پین 7 رنز بناسکے جب کہ ٹریوس ہیڈ، مارنس لیبسچگنی اور مچل اسٹارک بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے کیرئیر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بلال آصف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد عباس نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔