وزیراعظم کی چینی ہم منصب سے ملاقات کا اعلامیہ جاری،مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

وزیراعظم کی چینی ہم منصب سے ملاقات کا اعلامیہ جاری،مسئلہ کشمیر سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال

بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان کی چینی ہم منصب سے ہونیوالی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیاہے ،دونوں رہنماﺅں نے اہم ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور خطے کی صورتحال سمیت اہم بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیالات کیا،چینی وزیراعظم نے سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ دو طرفہ تجارتی حجم میں بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا بیجنگ میں گریٹ ہال پہنچنے پر چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے ان کا استقبال کیا۔ چینی وزیراعظم آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاکستانی وزرا سے بھی ملے۔ وزیراعظم عمران خان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا، اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے اور وزیراعظم کو سلامی پیش کی گئی۔

وزیراعظم نے چینی ہم منصب کیساتھ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق بات چیت کی اور اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔دونوں رہنماوں کی ون آن ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی جس میں سی پیک سمیت دیگر منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر منصوبہ بندی اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی ملاقات میں شریک تھے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے لوہے اور سٹیل کی صنعت ’چائنا میٹالرجیکل گروپ‘ کے چیئرمین نے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے اورینٹ ہولڈنگ گروپ کے چیئرمین بورڈ نے بھی ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، خسرو بختیار، شیخ رشید اور عبدالرزاق داود بھی ملاقات میں موجود تھے۔وزیراعظم عمران خان کی چائنا گیڑوبا گروپ کے چیئرمین لیوزی ڑیانگ کے ساتھ بھی ملاقات ہوئی۔ چینی کمپنی نے پاکستان میں نئے کاروباری مواقع کی تلاش، خاص طور پر توانائی کے شعبے میں دلچسپی ظاہر کی۔

وزیراعظم عمران خان کی چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں کی ملاقات گریٹ ہال بیجنگ میں ہوئی۔

وزیراعظم کو گریڈ ہال پہنچنے پر 19 توپوں کی سلامی دی گئی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھولے گا۔ دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں ریلویز، سٹیل، آئل اینڈ گیس، سائنس اور ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیاگیا۔چینی وزیراعظم کی جانب سے پاکستان کے تمام اہم قومی مسائل پر تعاون کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھانے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد گار ہوگا۔