پاکستان میں کورونا پھر سے زور پکڑنے لگا، مزید 8 افراد جاں بحق

پاکستان میں کورونا پھر سے زور پکڑنے لگا، مزید 8 افراد جاں بحق

اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔ مہلک وبا سے ملک میں مزید 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حالیہ اموات سے جان کی بازی ہارنے والے مریضوں کی تعداد 6552 ہو گئی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 583 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 16 ہزار 351 تک پہنچ گئی ہے۔ اب 3 لاکھ 2 ہزار 375 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 497 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان کے 735 ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے سہولیات ہیں اور ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرز کی تعداد ایک ہزار 920 ہے۔ ملک میں کورونا کے کیسز دیگر ممالک سے کم رپورٹ ہونے کے معاملہ پر عالمی ادارہ صحت کا وفد پاکستان کا دورہ کریگا۔ 6 رکنی وفد 14 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گا جبکہ 15 اکتوبر کو پنجاب کا دورہ کریگا اور 25 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کریگا۔

اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 17 ہزار 122ہو گئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ3302، سندھ میں ایک لاکھ 39 ہزار 557، خیبرپختونخوا میں38 ہزار219، بلوچستان میں 15 ہزار480، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 893 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 980 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں 2 ہزار 248 اور سندھ میں 2 ہزار 541 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 263، اسلام آباد میں 188، بلوچستان میں 146، ‏گلگت بلتستان میں 89 اور آزاد کشمیر میں 77 ہو گئی ہے۔

حکومت کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کا گراف مسلسل نیچے آرہا ہے لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔ جون کو سب سے زیادہ ایک سو تریپن اموات رپورٹ ہوئیں لیکن اب کورونا کا گراف تیزی سے نیچے آ رہا ہے۔ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس 26 فروری کو رجسٹرڈ ہوا اور ایک ہزاراموات 21 مئی تک ہوئیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کیسز میں اضافے کی رفتار کافی سست ہوچکی ہے لیکن پھر بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔