الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

گلگت: الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے اگلے مہینے کی 15 تاریخ کو قانون ساز اسمبلی کے ہونے والے انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔

ضابطہ اخلاق تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے عوامی اجتماعات اور ریلیوں کیلئے کورونا وائرس کے حوالے سے بھی قواعد و ضوابط تیار کئے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے انتخابی مہم کے دوران تشہیر کے لئے آرمی چیف، فوجی افسران، ججوں اور سرکاری اداروں کے سربراہان کے نام اور تصاویر استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ھی۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوار بینرز، پوسٹرز اور پینا فلیکس سمیت تشہیری مواد میں ان تصاویر اور ناموں کے استعمال سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

جمعہ کے روز گلگت میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے کہا کہ ملک میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے آئندہ دو روز میں ماہرین صحت کرونا وائرس سے بچائو کیلئے ضابطہ اخلاق تیار کریں گے۔