عالمی ادارہ تجارت کے نئے سربراہ کی دوڑ میں دو خواتین شامل

عالمی ادارہ تجارت کے نئے سربراہ کی دوڑ میں دو خواتین شامل

جنیوا: عالمی ادارہ تجارت (ڈبلیو ٹی او) کے نئے ڈائریکٹر جنرل کے انتخاب کے آخری مرحلہ میں دو خواتین بھی میدان میں آ گئی ہیں۔

ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن کے سربراہ کے عہدے کے لیے ان دو خواتین امیدواروں میں نائیجیریا کی نگھوزی اوکنجو ایوالو اور جنوبی کوریا کی یو میونگ ہی شامل ہیں۔ ڈبلیو ٹی او کے ترجمان کیتھ راک ویل نے جنیوا میں ادارہ کے ہیڈ کوارٹرز میں صحافیوں کو اس نئی پیشرفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نگھوزی اوکنجو ایوالو اور یو میونگ ہی مشاورت کے حتمی اور تیسرے مرحلے میں ڈبلیو ٹی او کے نئے ڈائریکٹر جنرل کے لیے بطور امیدوار ابھری ہیں جبکہ سعودی عرب کے مزعید التوعجیری،کینیا کی آمنہ محمد اور برطانیہ کے لیام فوکس مقابلے کے دوسرے مرحلے میں دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق مقابلےکے لیے مشاورت کا حتمی اور تیسرا مرحلہ19کتوبر سے شروع ہو گا جو 27اکتوبر تک جاری رہے گا۔عالمی ادرہ تجارت کے نئے سربراہ کے لیے معاملہ رواں سال چودہ مئی کو اس وقت شروع ہوا جب سابق ڈائریکٹر جنرل رابرٹ ازاویدو نے ادارہ کے ارکان کو آگاہ کیا کہ وہ اپنی مدت پوری ہونے سے ایک سال قبل ہی اپنے عہدے سے سبکدوش ہو نا چاہیں گے۔

انہوں نے اگست کے آخر میں اپنے عہدے کو چھوڑ دیا اور ڈی جی کی کرسی خالی ہو گئی۔اس عہدے کے لیے نئی نامزدگیوں کا عمل سات جون سے شروع ہوا اور آٹھ امیدوار مقابلے کے لیےنامزد کیے گئے،آئندہ ماہ کی سات تاریخ سے قبل مشاورت اور کثرت رائے سے اس عہدے کے لیے نئے شخص یا خاتون کا انتخاب مکمل ہو جائے گایاد رہے کہ ڈبلیو ٹی او کی پچیس سالہ تاریخ میں اب تک کسی خاتون کو ادارہ کا سربراہ مقرر نہیں کیا گیا۔