ن لیگ کے باغی رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی نے استعفیٰ دے دیا

ن لیگ کے باغی رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی نے استعفیٰ دے دیا
کیپشن: فیصل نیازی نے استعفیٰ اپوزیشن لیڈرکے چیمبر میں بیٹھ کر لکھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے باغی رکن پنجاب اسمبلی فیصل خان نیازی نے پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ ن لیگ پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ رکن پنجاب اسمبلی فیصل نیازی نے ن لیگ کی رکنیت سے استعفیٰ دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل نیازی نے استعفیٰ اپوزیشن لیڈرکے چیمبر میں بیٹھ کر لکھا۔ محمد فیصل خان نیازی پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 209 خانیوال سے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں۔

اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر لیگی ارکان اسمبلی نے شدید احتجاج کیا اور پارٹی سے بغاوت کرنے والے ارکان کا گھیراؤ کرتے ہوئے ایوان میں داخلے سے روک دیا۔

باغی رکن میاں جلیل شرقپوری کی پنجاب اسمبلی آمد پر ن لیگ اراکین اور کارکنوں نے احتجاجاً میاں جلیل شرقپوری کے سر پر لوٹا رکھ دیا۔

دوسری جانب میاں جلیل شرقپوری نے اپنے ساتھ ہونے والے تضحیک آمیز سلوک کے خلاف اسپیکر کو درخواست جمع کروادی۔میاں جلیل کا کہنا تھا کہ لیگی رکن میاں رؤف اوردیگر نے میرے ساتھ بدتمیزی کی، یہ معاملہ جماعت کا نہیں بلکہ چند افراد کا ہے۔

میاں جلیل شرقپوری نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے ملنا کوئی غلط بات نہیں،  اگر مجھے ملاقات سے روکنا ہے تو وزیراعلیٰ روکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بیانیے میں الفاظ انتہائی سخت ہیں، اداروں کے خلاف اتنی سخت زبان استعمال نہیں ہونی چاہیے۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی جنہیں بعد ازاں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا جب کہ ان ارکان میں مولانا غیاث الدین بھی شامل تھے۔

مسلم لیگ (ن) نے ان ارکان کو پارٹی سے نکال دیا تھا اور آج یہ ارکان پنجاب اسمبلی پہنچے تو دیگر لیگی ارکان اسمبلی نے ان کا گھیراؤ کیا اور ایوان میں داخل ہونے نہیں دیا۔