سپیکرقومی اسمبلی کا پہلی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان

سپیکرقومی اسمبلی کا پہلی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنی پہلی تنخواہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے,  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پہلی تنخواہ وزیراعظم اورچیف جسٹس ڈیم فند میں عطیہ کر رہا ہوں۔

اسد قیصر نے کہا کہ پانی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت ہے جس کی قدر کرنی چاہیے، اس عظیم نعمت کے ذخیرے کے لیے ہم سب کو مل کر اقدامات کرنا ہوں گے۔

اسپیکرقومی اسمبلی نے اپنے پیغام میں سب سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے اس کار خیرمیں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ڈیم پرپہرہ دوں گا، جھونپڑا بنا کر ڈیم پر رہنا پڑا تو رہوں گا، جو کچھ اس دھرتی نے ہمیں دیا آج لوٹانے کا وقت آگیا ہے۔

واضح رہے 7 ستمبرکو وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں ڈیم بنانے کے لیے قوم سے مدد مانگی تھی اور پیغام میں کہا تھا پاکستان بہت سے مسائل کا شکار ہے مگر سب بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہے، ڈیم بنانا ناگزیر ہوگیا ہے۔