پنجاب میں تھانوں میں اسمارٹ فون لے جانے پر پابندی عائد

پنجاب میں تھانوں میں اسمارٹ فون لے جانے پر پابندی عائد
ایس ایچ او اور محرر کو اس پابندی سے استثناء حاصل ہو گا۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ سوشل میڈیا

لاہور: پنجاب پولیس کی جانب سے شہریوں پر تشدد اور غیر قانونی حراست کے واقعات پر آئی جی پنجاب نے انوکھا حکم نامہ جاری کر دیا۔آئی جی پنجاب عارف نواز نے پنجاب بھر کے تھانوں میں کیمرے والے موبائل فون لے جانے پر پابندی عائد کر دی اور اس حوالے سے سی پی او آفس نے تمام تھانوں کو حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔


آئی جی پنجاب کے حکم نامے کے مطابق عام شہری سمیت پولیس کاعملہ بھی تھانے میں اسمارٹ فون اپنے پاس نہیں رکھے گا۔ سائلین اور پولیس اسٹیشن کے عملے کو اپنے کیمرے والے فون ڈیسک پر جمع کرانا ہوں گے تاہم ایس ایچ او اور محرر کو اس پابندی سے استثناء حاصل ہے۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پولیس کسی کو غیر قانونی حراست میں نہیں رکھے گی اور نہ کسی شہری پر تشدد کرے گی۔

خیال رہے کہ پنجاب پولیس شہریوں کو حبس بے جا میں رکھنے اور ان پر تشدد کے حالیہ واقعات پر شدید تنقید کی زد میں ہے جب کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے جاری اس حکم نامے کو بھی شہریوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور اسے پولیس کا ظلم چھپانے کے مترادف قرار دیا ہے۔