جعلی لائسنس کا معاملہ، سول ایوی ایشن کے 4 افسران ملازمت سے برطرف

جعلی لائسنس کا معاملہ، سول ایوی ایشن کے 4 افسران ملازمت سے برطرف
کیپشن: تحقیقات میں لائسنس برانچ کے چاروں افسران جرم کے مرتکب قرار پائے، سی اے اے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: جعلی لائسنس کے معاملے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے شعبہ ریگولیٹری کے لائسنس برانچ کراچی کے 4 افسران کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔

ترجمان سی اے اے نے جعلی لائسنس کے معاملے پر 4 افسران کی برطرفی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لائسنس برانچ کے جوائنٹ ڈائریکٹر عاصم الحق، اسٹاف رئیس، خالد اور عدیل کو ملازمت سے برطرف کیاگیا۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں لائسنس برانچ کے چاروں افسران جرم کے مرتکب قرارپائے اور پائلٹس کے مشکوک لائسنس کے اجراء کے امور میں بھی ملوث پائے گئے۔ سول ایوی ایشن کے مطابق ان افسران کو تحقیقات سے قبل ہی معطل کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں جعلی یا مشکوک لائسنس کے الزام کے تحت حکومت نے پاکستان ائیرلائنز (پی آئی اے) کے 141 پائلٹس سمیت 262 پائلٹس کی لسٹ جاری کی تھی۔

مشکوک لائسنس والے پاکستانی پائلٹس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد 30 جون کو یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپین ممالک کے لیے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو 6 ماہ کیلئے معطل کیا تھا۔