اگر عثمان بزدار کو ہی تبدیل کر دیا جائے تو حالات بہتر ہو جائیں گے، مسلم لیگ (ن)   

If Usman Bazdar is replaced, things will get better: PML-N
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے حکومتی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ 3 سال سے عوام سے جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ حکومت کے پاس عوام کو بتانے کیلئے کوئی قابل ذکر منصوبہ نہیں، اگر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہی تبدیل کر دیا جائے تو حالات بہتر ہو جائیں گے۔

لاہور میں رہنما مسلم لیگ (ن) رانا مشہود کا اویس لغاری اور خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت اپنے جھوٹے دعووں سے عوام کو بیوقوف بنا رہی ہے۔ احتساب صرف اپوزیشن رہنماؤں کا کیا جا رہا ہے حالانکہ موجودہ دور میں سب سے زیادہ میگا سکینڈلز سامنے آ رہے ہیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ آج آٹا، چینی، گھی اور دیگر اشیائے ضروریہ عوام کو مہنگے داموں مل رہی ہیں لیکن انھیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کے 9 سیکرٹری اب تک تبدیل ہو چکے ہیں جبکہ دیگر محکموں میں بھی بہت سارے سیکرٹریز تبدیل کر دیئے گئے ہیں۔ اگر عثمان بزدار کو ہی تبدیل کر دیا جائے تو حالات بہتر ہو جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت 3 سال میں ایک نئی یونیورسٹیز ابھی تک نہیں بنا سکی۔ مہنگائی نے غریب عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ حکومت کی 3 سالہ کارکردگی اور وعدوں کے حوالے سے پرفارمنس آڈٹ جاری کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دواؤں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے باعث غریب آدمی علاج نہیں کرا سکتا۔ بہت سے طلبہ چین تعلیم حاصل کرنے گئے، ان کے ویزے ختم ہو چکے ہیں، ان طلبہ کو متعلقہ یونیورسٹیز پاکستان واپس نہیں بلا رہیں، طلبہ کو واپس نہ بلانے سے وہ مختلف مسائل سمیت معاشی مسائل کا شکار ہو چکے ہیں، حکومت ان کو واپس لانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے اندر بلوچ ملٹری پولیس کو حکومت ختم کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف اداروں کے خاتمے کی بھی کوشش ہو رہی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے جھوٹ بولاہے۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ حکومت نے زراعت کے پیشے کے ساتھ انتہائی ظلم کیا ہے۔ کسانوں نے اگر گندم کی قیمت بڑھائی تو حکومت نے مختلف ٹیکس لگا دیئے۔ حکومت نے کھادوں اور دواؤں کی قیمتیں بڑھا دیں جس سے کسان کو نقصان ہوا۔ کسانوں کیلئے بجلی کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا جس سے وہ پریشان حال ہیں۔ آج کوئی زمیندار اپنی زمین کی فرد لینے جاتا ہے اسے 3 گنا زیادہ رشوت دینا پڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے زمیندار اس وقت انتہائی مشکلات کا شکار ہیں، ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ پنجاب کے قبائلی علاقے میں بلوچستان سے لوگ آکر فائرنگ کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔ فائرنگ سے درجنوں افراد جاں بحق ہو جاتے ہیں لیکن پولیس قاتلوں کو نہیں پکڑتی۔

خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے حکومت کی کارکردگی پر جو وائٹ پیپر جاری کیا وہ اتمام حجت ہے۔ وزیر صحت پنجاب نے صوبے میں اس شعبے کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ ڈاکٹرز اس ملک کا اہم حصہ ہیں، حکومت نے پی ایم ڈی سی کو برباد کر دیا ہے۔ آج 65 ہزار سے زائد ڈاکٹرز ملک میں بیروزگار ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت نے این ایل ای کے نام پر ڈاکٹرز پر ایک عذاب مسلط کر دیا ہے۔ حکومت نے 3 سال میں کوئی ایک اہم پراجیکٹ مکمل نہیں کیا۔ آج بھی مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال تعمیر کے مراحل میں ہے جو مکمل نہ ہو سکا۔ شہباز شریف نے محکمہ صحت کو 2 حصوں میں تقسیم کیا تھا، جس کا عوام کو براہ راست فائدہ ہو رہا تھا۔

انہوں نے کہا ہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو علاج اور ادویات کی مفت فراہمی ہو رہی تھی۔ مریضوں کو جان بچانے والی اہم ادویات مفت فراہم کی جا رہی تھیں لیکن موجودہ حکومت 3 سال میں ادویات خریدنے کی پالیسی وضع نہ کر سکی۔ حکومت کے دعوے تو بڑے بڑے ہیں مگر حقیقت میں کام نہ ہونے کے برابر ہے۔