پاکستان سے محبت کا رشتہ ہے،عوام کو مشکل میں دیکھ کر افسوس ہوا، عالمی برادری فوری مدد کرے : سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ 

پاکستان سے محبت کا رشتہ ہے،عوام کو مشکل میں دیکھ کر افسوس ہوا، عالمی برادری فوری مدد کرے : سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ 
سورس: File

اسلام آباد:اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان میں سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کے لئے بڑی امداد کی ضرورت ہے، دورہ پاکستان کا مقصد سیلاب متاثرین اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے، پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے جنہیں موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجزکا سامنا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثر ہورہا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے ترقی یافتہ ممالک کو مدد کرنا ہوگی۔

 دفتر خارجہ میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کے متعدد علاقوں میں غیر معمولی بارشیں ہوئیں، پاکستان کے عوام کو مشکل میں دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا ہے۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ اقوام متحدہ پاکستان کی اس مشکل وقت میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا، پاکستان کی افغان مہاجرین کی طویل عرصہ تک میزبانی لائق تحسین ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر حکام سے سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پاکستان کے ساتھ محبت کا رشتہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے لیکن یہ ان ممالک میں سے ایک ہے جو اس کے نتائج سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی مستقبل کا نہیں، آج کا خطرہ ہے جسے سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے، لوگ قحط اور سیلاب کے باعث مر رہے ہیں، زہریلی گیسوں کے اخراج میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثر ہو رہا ہے، پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے جن کو موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی طویل عرصے تک مہمان نوازی پر پاکستان لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر حکام سے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فلڈ ریسپانس پلان کی فنڈنگ کے لیے اقوام متحدہ نے ابتدائی طور پر 160 ملین ڈالر کی فلیش اپیل کی تھی جو سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے ناکافی ہے، دورہ پاکستان کا مقصد عالمی برادری سے پاکستان کے لئے مدد کی اپیل ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے ترقی یافتہ ممالک کو مدد کرنا ہوگی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کو ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کے لئے بڑی امداد کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کے ریلیف کے لئے ہر ممکن اقدام کئے جارہے ہیں، سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی امداد درکار ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان ہمارے لئے باعث افتخار ہے، پاکستان کو سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا ہے، سیلاب کے باعث 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں، سیلاب نے گلگت بلتستان، خیر پختونخوا، جنوبی پنجاب، بلوچستان اور سندھ میں شدید تباہی پھیلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں انتونیو گوتریس کے دورہ پاکستان پر مشکور ہیں، سیلاب کے باعث بچوں اور خواتین سمیت 1300 افراد جانبحق ہوئے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کا پھیلائو بڑا چیلنج ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی کا سامنا ہے، ریسکیو ورکرز 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس شدید سیلاب سے متاثرہ پاکستان سے اظہار یکجہتی کےلئے پاکستان کا دو روزہ دورہ کررہے ہیں۔ ان کے دورے کا مقصد ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہی اور قدرتی آفت کا مقابلہ کرنے والے پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان اس قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کے بارے میں عالمی بیداری کو مزید فروغ دے گا اور سیلاب متاثرین کی انسانی اور دیگر ضروریات کے لیے ہم آہنگ اور مربوط بین الاقوامی ردعمل کو بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سینئر حکام کے علاوہ وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد بھی موجود تھے۔

مصنف کے بارے میں